صدر ِپاکستان نے سپریم کورٹ (پریکٹس اینڈ پروسیجر) بل 2023 آئین کے آرٹیکل 75 کے تحت نظر ثانی کیلئے پارلیمنٹ کو واپس بھجوادیا

صدر ِپاکستان نے سپریم کورٹ (پریکٹس اینڈ پروسیجر) بل 2023 آئین کے آرٹیکل 75 کے تحت نظر ثانی کیلئے پارلیمنٹ کو واپس بھجوادیا

اسلام آباد :صدر ِپاکستان  ڈاکٹر عارف علوی نے سپریم کورٹ (پریکٹس اینڈ پروسیجر) بل 2023 آئین کے آرٹیکل 75 کے تحت نظر ثانی کیلئے پارلیمنٹ کو واپس بھجوادیا ۔

 صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی  کا کہنا ہے  کہ بادی النظر میں یہ بل پارلیمنٹ کے اختیار سے باہر ہے،   بل قانونی طور پر مصنوعی اور ناکافی (colourable legislation)  ہونے پر  عدالت میں چیلنج کیا جا سکتا ہے ، ان کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں اس بل کی درستگی  اور جانچ پڑتال کرنے کیلئے دوبارہ غور کرنے کی ضرورت ہے جس لئے بل واپس کرنا مناسب ہے۔ 

صدر مملکت  نے کہا آئین سپریم کورٹ کو اپیلی ، ایڈوائزری ، ریویو اور ابتدائی اختیار  سماعت سے نوازتا ہے،  مجوزہ بل کے  آرٹیکل 184 تین عدالت کے ابتدائی اختیار سماعت سے متعلق ہے ، مجوزہ بل کا مقصد ابتدائی اختیار سماعت استعمال کرنے اور اپیل کرنے کا طریقہ فراہم کرنا ہے ، صدر مملکت  نے لکھا کہ یہ خیال قابل تعریف ہو سکتا ہے مگر کیا اس مقصد کو آئین کی دفعات میں ترمیم کے بغیر حاصل کیا جا سکتا ہے ؟    

انہوں نے کہا تسلیم شدہ قانون  تو یہ ہے کہ آئینی دفعات میں ایک عام قانون سازی کے ذریعے ترمیم نہیں کی جاسکتی ، آئین ایک اعلیٰ قانون ہے ،  آئین کوئی عام قانون نہیں ، بلکہ بنیادی اصولوں، اعلیٰ قانون اور دیگر قوانین سے بالاتر قانون کا مجسمہ ہے ۔  

آرٹیکل 191 سپریم کورٹ کو  عدالتی کاروائی اور طریقہ کار ریگولیٹ کرنے کیلئے قوانین بنانے کا اختیار دیتا ہے ، آئین کی ان دفعات کے تحت سپریم کورٹ رولز 1980 بنائے گئے جن کی توثیق خود آئین نے کی،  سپریم کورٹ رولز 1980 ء   پر سال 1980 ء سے  عمل درآمد کیا جارہا ہے ،  جانچ شدہ قواعد میں چھیڑ چھاڑ عدالت کی اندرونی کارروائی ، خود مختاری اور آزادی میں مداخلت کے مترادف ہو سکتی ہے ۔   

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ  آرٹیکل 67 کے تحت پارلیمان کو  آئین کے تابع   رہتے ہوئے اپنے طریقہ کار اور کاروبار کو منظم کرنے کیلئے قواعد بنانے کا اختیار حاصل ہے ،آرٹیکل 191 کے تحت آئین اور قانون کے تابع رہتے ہوئے سپریم کورٹ اپنی کارروائی  اور طریقہ کار کو ریگولیٹ کرنے کے قواعد بنا سکتی ہے، آرٹیکل 67 اور 191 قواعد بنانے میں دونوں کی خودمختاری کو تسلیم کرتے ہیں ۔

صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 70 وفاقی قانون سازی کی  فہرست میں شامل کسی بھی معاملے  پر  بل پیش کرنے اور منظوری سے متعلق ہے، 

آرٹیکل 142اے کے تحت پارلیمنٹ  وفاقی قانون سازی کی فہرست میں کسی بھی معاملے پر قانون بنا سکتی ہے، فورتھ شیڈول کے تحت پارلیمنٹ کو  سپریم کورٹ کے علاوہ تمام عدالتوں کے دائرہ اختیار اور اختیارات کے حوالے سے قانون سازی کا اختیار  ہے ، فورتھ شیڈول کے تحت سپریم کورٹ کو خاص طور پر  پارلیمان کے قانون سازی کے اختیار سے خارج کیا گیا ہے ، بل بنیادی طور پر پارلیمنٹ کے دائرہ اختیار سے باہر ہے ،  بل کے ان پہلوؤں پر مناسب غور  کرنے کی ضرورت ہے۔ 

مصنف کے بارے میں