اسلام آباد / کراچی : عالمی امن کے لیے پاکستان کی موثر سفارت کاری کے ثمرات نے ملک کے اندر اور باہر دھوم مچا دی ہے۔ ایران کی جانب سے جنگ بندی کی توثیق اور آبنائے ہرمز کھولنے کے اعلان کے بعد جہاں پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ توڑ تیزی دیکھی گئی، وہیں وزیراعظم شہباز شریف کا بیان عالمی سطح پر ڈیجیٹل میڈیا کا مرکز بن گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا جنگ بندی سے متعلق 'ایکس' (ٹویٹر) پر جاری بیان اس وقت ٹاپ ٹرینڈ بن چکا ہے۔ اب تک ایک کروڑ 20 لاکھ سے زائد افراد اس ٹویٹ کو دیکھ چکے ہیں، جو اس سفارتی مشن کی عالمگیر اہمیت کی عکاسی کرتا ہے۔ عالمی سفارت کاروں اور ماہرینِ خارجہ امور کی جانب سے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ہر قدم پر خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔