Get Alerts

جنگ بندی کا اعلان: ایران میں جشن کا سماں، تہران کی سڑکیں 'پاکستان زندہ باد' کے نعروں سے گونج اٹھیں

جنگ بندی کا اعلان: ایران میں جشن کا سماں، تہران کی سڑکیں 'پاکستان زندہ باد' کے نعروں سے گونج اٹھیں

تہران/بغداد : خطے میں طویل کشیدگی اور جنگ کے بادل چھٹنے کے بعد ایران اور عراق میں جشن کا سماں ہے۔ جنگ بندی کا اعلان ہوتے ہی ہزاروں ایرانی شہری سڑکوں پر نکل آئے اور فتح کے نعرے لگائے۔ اس موقع پر ایرانی عوام نے امن کی کوششوں میں کلیدی کردار ادا کرنے پر پاکستان کے حق میں بھی بھرپور نعرے بازی کی۔
واضح رہے کہ جنگ بندی کے باقاعدہ اعلان سے قبل امریکی صدر کی جانب سے ایران کے بنیادی انفراسٹرکچر، بجلی گھروں اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی تھی۔ اس دھمکی کے جواب میں ایرانی عوام نے بے مثال یکجہتی کا مظاہرہ کیا اور ہزاروں کی تعداد میں تہران کے بڑے پلوں، پاور پلانٹس اور حساس تنصیبات کے گرد جمع ہو کر اپنی حکومت کے لیے 'انسانی ڈھال' بن گئے۔جیسے ہی جنگ بندی کا باضابطہ اعلان ہوا، ایران کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں فتح کے شادیانے بجنے لگے۔ تہران کی شاہراہوں پر ہزاروں شہریوں نے ایرانی پرچم اٹھا کر ریلیاں نکالیں۔
ایران کے ساتھ ساتھ برادر ملک عراق میں بھی عوام سڑکوں پر نکل آئے اور جنگ کے خاتمے پر خوشی کا اظہار کیا۔اس تمام صورتحال میں سب سے نمایاں پہلو ایرانی عوام کا پاکستان کے لیے اظہارِ تشکر تھا۔ جنگ بندی کے لیے پاکستان کی خاموش اور مؤثر سفارتکاری کے اعتراف میں تہران کی سڑکوں پر موجود مظاہرین نے پاکستان کے حق میں نعرے لگائے۔ ایرانی شہریوں کا کہنا تھا کہ مشکل گھڑی میں پاکستان نے امن کے سفیر کے طور پر جو کردار ادا کیا ہے، اسے کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق، یہ جنگ بندی نہ صرف ایران کی سیاسی فتح ہے بلکہ پاکستان کی اس 'خاموش سفارتکاری' کی بھی جیت ہے جس کا اعتراف گزشتہ دنوں برطانوی ہائی کمشنر نے بھی کیا تھا۔ خطے میں کشیدگی کا خاتمہ عالمی امن کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

ٹیگز: