اسلام آباد : ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی میں پاکستان کے کلیدی کردار نے جہاں عالمی سطح پر دھاک بٹھا دی ہے، وہیں سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر #IslamabadTalks ٹاپ ٹرینڈ بن گیا ہے۔ صارفین اور ماہرینِ ابلاغیات اس پیش رفت کو پاکستان کی "ملٹری اور سول ڈپلومیسی" کا عظیم ترین شاہکار قرار دے رہے ہیں۔
ایکس پر صارفین کی ایک بڑی تعداد حکومتِ پاکستان اور عسکری قیادت کو خراجِ تحسین پیش کر رہی ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ پاکستان نے امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرانے کے لیے جو بروقت اقدامات کیے، اس نے خطے کو ایک بڑی تباہی سے بچا لیا ہے۔ صارفین کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کی مربوط حکمت عملی نے پاکستان کو عالمی منظرنامے میں "مرکزِ نگاہ" بنا دیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ پاکستان کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے کیونکہ اب دنیا میں امن کے بڑے فیصلے کسی مغربی دارالحکومت میں نہیں بلکہ پاکستان میں ہوں گے۔ یہ ثابت ہو چکا ہے کہ پاکستان کا کردار خطے کے معاشی اور دفاعی مفاد کے لیے ناگزیر ہے۔ عالمی رہنماؤں کی جانب سے بھی پاکستان کے بطورِ ثالث نتیجہ خیز کردار کی بھرپور ستائش کی جا رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق، "اسلام آباد مذاکرات" محض ایک ٹرینڈ نہیں بلکہ پاکستان کی اس طاقت کا اظہار ہے جس نے واشنگٹن اور تہران کو ایک میز پر لا کھڑا کیا۔
سوشل میڈیا صارفین اس امید کا اظہار بھی کر رہے ہیں کہ اس وقار میں اضافے کے ساتھ ہی ملک میں معاشی استحکام کی نئی لہر آئے گی۔پاکستان کی کامیاب سفارت کاری نے نہ صرف ملک کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے بلکہ پوری دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستان اب عالمی سیاست کا وہ اہم کھلاڑی ہے جس کے بغیر امن کا خواب ادھورا ہے۔