عمران خان جھرلو وزیراعظم ہونگے اور حکومت دھاندلی کی پیداوار ہو گی، سعد رفیق

عمران خان جھرلو وزیراعظم ہونگے اور حکومت دھاندلی کی پیداوار ہو گی، سعد رفیق
کیپشن: مجھے نئے قانون کے مطابق دوبارہ گنتی کے بنیادی حق سے محروم کیا گیا ہے، سعد رفیق۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ عمران خان کی دوبارہ گنتی رُکوانے کی بھاگ دوڑ تھوک کر چاٹنے کے مترادف ہے۔

سعد رفیق نے کہا کہ دوبارہ گنتی رُکوانے سے واضح ہو گیا کہ دال میں کالا نہیں بلکہ ساری دال ہی کالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جھرلو وزیراعظم ہونگے اور ان کی حکومت جبر اور دھاندلی کی پیداوار ہو گی۔

مزید پڑھیں: عمران خان پنجاب ہاؤس میں وزیر اعلیٰ کی اینکسی میں رہیں گے، نعیم الحق

سابق وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ عمران کواین اے 131 کے حلقے سے 680 ووٹوں سے جیتا ہوا بتایا گیا تھا جبکہ 2835 مسترد ووٹوں اور صرف 5 پولنگ اسٹیشنز کی دوبارہ گنتی میں عمران کے 117 ووٹ کم ہو چکے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں الیکشن ایکٹ 2017 کو مکمل نظر انداز کر دیا گیا ہے اور مجھے نئے قانون کے مطابق دوبارہ گنتی کے بنیادی حق سے محروم کیا گیا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: وزارت داخلہ نے حسن اور حسین نواز کے پاسپورٹ بلاک کر دئیے

واضح رہے کہ آج سپریم کورٹ نے این اے 131 لاہور میں دوبارہ گنتی سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کا حکم معطل کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ نتیجہ آ گیا ہے۔ سیاسی تقاریر کا جائزہ سیاسی فورم پر لیا جائے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں