راولپنڈی :پاک فوج نے میجر طفیل محمد شہید کو ان کی 67 ویں یومِ شہادت پر زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اپنے پیغامات میں میجر طفیل محمد کی قربانی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
میجر طفیل محمد شہید نے سابقہ مشرقی پاکستان کے لکشمی پور سیکٹر میں دشمن کے خلاف اپنی جرات و بہادری کی داستان رقم کی۔ زخمی ہونے کے باوجود وہ لڑائی جاری رکھے ہوئے مشن کو کامیابی سے مکمل کرنے میں کامیاب ہوئے اور جامِ شہادت نوش کیا۔ ان کی شجاعت اور قربانی کو ملک کے اعلیٰ ترین فوجی اعزاز، نشانِ حیدر سے نوازا گیا۔
آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ میجر طفیل محمد شہید اور دیگر شہداء کی قربانیاں قوم کے لیے فخر اور افتخار کا باعث ہیں۔ ان کی جرات، ایثار اور حب الوطنی آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاک فوج ان تمام شہداء کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے وطن کی سلامتی اور خودمختاری کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کی قربانیاں ملک میں امن، استحکام اور آزادی کی ضمانت ہیں اور یہ عظیم سپوت ہمیشہ دلوں میں زندہ رہیں گے۔