طاہر القادری اور مصطفیٰ کمال کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، کل ملاقات ہو گی

طاہر القادری اور مصطفیٰ کمال کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، کل ملاقات ہو گی

لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری اور پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال کی کل لاہور میں ملاقات ہو گی۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر طاہر القادری کا پی ایس پی کے چیئرمین مصطفی کمال سے ٹیلفونک رابطہ ہوا ہے۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے سانحہ ماڈل ٹاؤن اور باقر نجفی رپورٹ پر عوامی تحریک کے مؤقف کا ساتھ دینے اور حمایت میں کھل کر بیان دینے پر مصطفیٰ کمال کا شکریہ ادا کیا اور انہیں لاہور آ کر ملاقات کی دعوت دی۔ پریس ریلیز کے مطابق دونوں رہنماؤں نے بین الااقوامی اور ملک کی حالیہ سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

مصطفی کمال نے ڈاکٹر طاہر القادری کی دعوت قبول کرتے ہوئے ان کو بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ پی ایس پی شروع دن سے ماڈل ٹاؤن پر واضح مؤقف رکھتی ہے اور جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ شائع ہونے کے بعد اب واضح ہو گیا ہے کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف اور وزیر قانون رانا ثناء اللہ قتل و غارت گری کے ذمہ دار ہیں۔

مصطفی کمال کی جانب سے طاہر القادری کی ملاقات کی دعوت قبول کر لینے کے بعد کل پی ایس پی کا وفد لاہور پہنچے گا۔ پی ایس پی کے وفد میں سیکریٹری جنرل رضا ہارون اور وائس چیئرمین افتخار رندھاوا شامل ہوں گے۔ ملاقات کے دوران ماڈل ٹاؤن رپورٹ پر تفصیلی بات چیت اور اس کے مندرجات کو سامنے رکھتے ہوئے مستقبل کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں