Get Alerts

پی ٹی آئی اپنی 13 سالہ کارکردگی پر بات کرنے کے بجائے جلسے میں صرف گالم گلوچ اور تنقید کے سوا کچھ نہیں پیش کر سکی ، طلال چوہدری

 پی ٹی آئی اپنی 13 سالہ کارکردگی پر بات کرنے کے بجائے جلسے میں صرف گالم گلوچ اور تنقید کے سوا کچھ نہیں پیش کر سکی ، طلال چوہدری

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے پی ٹی آئی کے پشاور جلسے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس جلسے نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی ساری باتوں کو سچ ثابت کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اپنی 13 سالہ کارکردگی پر بات کرنے کے بجائے جلسے میں صرف گالم گلوچ اور تنقید کے سوا کچھ نہیں پیش کر سکی۔

طلال چودھری نے مزید کہا کہ جلسے میں یہ بات ثابت ہوگئی کہ فوج سیاست میں مداخلت نہیں کر رہی، جیسا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے اپنی سیاست چمکانے کے لیے بار بار فوج اور اس کے سربراہ کو سیاست میں گھسیٹا ہے، اور اب اس انتشار کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پر اداروں کا تحفظ فرض ہے اور اب کسی بھی غیر ذمہ دارانہ بیان یا عمل کو تحمل سے نہیں سہا جائے گا۔

وزیر مملکت نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی نے اداروں کو جواب دینے پر مجبور کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فوج اور اس کے سربراہ نے طویل عرصے تک صبر کا مظاہرہ کیا، لیکن پی ٹی آئی نے کبھی بھی اسرائیل یا بھارت کو تنقید کا نشانہ نہیں بنایا اور دہشت گردوں کے حوالے سے ہمیشہ نرم رویہ اختیار کیا۔ طلال چودھری کا کہنا تھا کہ جب ساری تنقید فوج اور اس کے سربراہ پر ہو، تو جواب دینا ضروری ہوتا ہے۔

انہوں نے پی ٹی آئی کی قیادت پر بھی تنقید کی اور کہا کہ "جو شخص اپنے سیاسی سفر میں کندھوں پر بیٹھ کر اقتدار تک پہنچا ہو، وہ خود کو عقل کل سمجھنے لگے، وہ ذہنی مریض ہو سکتا ہے۔" طلال چودھری نے کہا کہ جو لوگ ہری پور میں الیکشن نہیں جیت سکے، وہ لاہور یا باقی علاقوں میں کیسے کامیاب ہو سکتے ہیں؟

وزیر مملکت داخلہ نے کہا کہ اب بات حد سے آگے بڑھ چکی ہے اور پی ٹی آئی کی جانب سے کی جانے والی بدزبانی کا جواب دینا ضروری ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ "جو زبان اداروں اور ان کے سربراہوں کے خلاف استعمال کی جائے گی، اس کو کھینچ لیا جائے گا۔" طلال چودھری نے یہ بھی کہا کہ اب پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل کے باہر تماشہ لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور اب سیاست میں شعبدہ بازی کے بجائے قانون کی عملداری دکھائی جائے گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ نہیں ہو سکتا کہ پی ٹی آئی بدامنی پیدا کرے اور امن و امان کی صورتحال خراب کرے، اور اڈیالہ میں قید افراد کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالے۔ طلال چودھری نے واضح کیا کہ اب پی ٹی آئی کے لیے کسی بھی طرح کی بدزبانی یا اداروں کی توہین برداشت نہیں کی جائے گی۔

ٹیگز: