لندن : لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے روڈ شو کے دوران چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کہا کہ ان کا مقصد پی ایس ایل کو دنیا کی نمبر ون کرکٹ لیگ بنانا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پی ایس ایل کے ذریعے پاکستان کے نوجوان کرکٹرز کو عالمی سطح پر اپنے کھیل کو نکھارنے کا موقع ملے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ "ہمارے قومی کرکٹرز میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور پاکستان سپر لیگ میں نوجوان ٹیلنٹ کو اپنے کھیل کو بہتر بنانے کے شاندار مواقع ملتے ہیں۔" انہوں نے مزید کہا کہ "پی ایس ایل کو وسیم اکرم اور رمیز راجہ جیسے کرکٹ کے عظیم کھلاڑیوں کے ہوتے ہوئے نمبر ون لیگ بنانا مشکل نہیں ہے۔"
پی سی بی چیئرمین نے اس موقع پر اسلام آباد میں نیا کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر اور ہائی پرفارمنس سنٹرز کے قیام کے منصوبوں کا بھی ذکر کیا، جس سے کرکٹ کی ترقی اور کھلاڑیوں کی تربیت میں مزید بہتری آئے گی۔
پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ "پی سی بی اور پی ایس ایل کی انتظامیہ کرکٹ کی ترقی کے لیے ایک ساتھ مل کر کام کر رہی ہے، اور کھلاڑیوں کو ملنے والے انعامات سے ان کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔"
اس موقع پر سلمان نصیر نے کہا کہ پی ایس ایل پاکستان کرکٹ کی ترویج کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے اور کرکٹ شائقین کے لیے ایک بہترین تفریح کا ذریعہ ہے۔ ڈاکٹر محمد فیصل نے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں پی ایس ایل روڈ شو کے انعقاد کو ایک تاریخی کامیابی قرار دیا۔
پاکستان کرکٹ کے عظیم کھلاڑی وسیم اکرم اور سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے بھی پی ایس ایل کے لیے اپنے بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔ وسیم اکرم نے کہا کہ پی ایس ایل میں مقامی کھلاڑیوں کو عالمی کرکٹرز کے ساتھ کھیلنے کا بہترین موقع ملتا ہے، جبکہ رمیز راجہ نے کہا کہ پی ایس ایل پاکستانی کرکٹ کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔