Get Alerts

بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ غلیظ زبان استعمال کی: مریم اورنگزیب

 بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ غلیظ زبان استعمال کی: مریم اورنگزیب

لاہور: پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے بانی پی ٹی آئی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی خود پسندی اور پاگل پن کا سلسلہ نیا نہیں، انہوں نے ماضی میں بھی حکومت کے خلاف بدتمیزی اور غلیظ زبان استعمال کی۔

لاہور میں ایک پریس کانفرنس کے دوران مریم اورنگزیب نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنے غیر مناسب بیانات پر کبھی بھی معذرت نہیں کی۔ 9 مئی کو 300 سے زائد عسکری تنصیبات پر حملہ کیا گیا، جسے ملک کی سلامتی اور استحکام کے خلاف سنگین جرم قرار دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق اس نوعیت کی کارروائیوں کی سزا موجود ہے۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ "اگر کوئی ملک دشمن قوتوں کے ساتھ مل کر پاکستان کے خلاف دشمنی کرے، تو یہ آزادی رائے نہیں ہو سکتی۔ یہ ذہنی مریضوں کے ساتھ مذاکرہ کرنے جیسا ہے، جنہیں سمجھانے کی کوشش کی جائے تو وہ بدزبانی اور گالیوں کا سہارا لیتے ہیں۔"

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اسرائیل اور بھارت سے فنڈنگ کا ذکر کرتے ہیں، جبکہ آئی ایم ایف کو خط لکھ کر پاکستان کی مدد نہ کرنے کی درخواست کی جاتی ہے۔ "آپ کو یہ اجازت نہیں دی جا سکتی کہ آپ قومی سلامتی کے ساتھ کھلواڑ کریں۔"

مریم اورنگزیب نے سوال اٹھایا کہ "اداروں پر حملے اور آرمی چیف کو متنازع بنانے کی کوششیں کیوں کی جا رہی ہیں؟ پاکستان کے دفاع اور استحکام کے معاملے پر آج سب کو یکجا ہونا چاہیے۔ شہیدوں کے مجسموں کو گرا کر ان کی توہین کرنا، اور وفاقی سطح پر نفاق پھیلانے والوں کو غدار کہنا کوئی معمولی بات نہیں۔ ایسے عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا۔"

انہوں نے مزید کہا کہ "کچھ لوگ بھارتی میڈیا پر بیٹھ کر ملک کو متنازع بنانے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن انہیں یہ اجازت نہیں دی جا سکتی۔ آپ جیل میں ہیں کیونکہ آپ نے بطور وزیراعظم کرپشن کی، اور اب اس کی سزا بھگت رہے ہیں۔ پاکستان میں 9 مئی کی طرح کی کوئی دوسری تاریخ نہیں ہو سکتی، یہ ملک کی تاریخ کا ایک نکتہ آغاز ہے، اور بار بار نہیں ہو سکتا۔"

مریم اورنگزیب نے آخر میں کہا کہ "آج پاکستان میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے، اور افواج پاکستان پر عوام کا اعتماد دوبارہ بحال ہو چکا ہے۔ آپ کا جھوٹا نقاب اب اُتر چکا ہے، اور عوام کو آپ کی اصلیت کا علم ہو چکا ہے۔"

ٹیگز: