Get Alerts

پاکستان کے بیشتر علاقے خشک سردی کی لپیٹ میں، بارشوں میں کمی کاخدشہ

پاکستان کے بیشتر علاقے خشک سردی کی لپیٹ میں، بارشوں میں کمی کاخدشہ

لاہور: پاکستان کے بیشتر علاقے اس وقت خشک سردی کی لپیٹ میں ہیں اور بارشوں کی کمی کے باعث موسمی بیماریوں کا پھیلاؤ جاری ہے۔ پچھلے ماہ نومبر میں بھی بارشیں معمول سے 72 فیصد کم ریکارڈ کی گئیں، جس کے باعث خشک سالی کی صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن نے کہا کہ موجودہ موسمیاتی ماڈلز کے مطابق 18 سے 20 دسمبر 2025 کے دوران ایک مغربی سلسلہ پاکستان میں داخل ہو سکتا ہے، جس سے ملک بھر میں اچھی بارشوں کی توقع ہے۔ تاہم، انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ یہ طویل المدتی پیشگوئی ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ ان میں تبدیلی آ سکتی ہے۔ جواد میمن نے کہا کہ "ہم موسمیاتی تبدیلیوں پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور عوام کو وقت پر آگاہ کرتے رہیں گے۔"

دوسری جانب، بلوچستان میں خشک سالی کی صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے اس حوالے سے پری الرٹ ایڈوائزری جاری کی ہے۔ ایڈوائزری کے مطابق، صوبے کے مغربی اور جنوب مغربی علاقوں میں بارشوں کی کمی کی شدت بڑھ گئی ہے اور خشک سالی کی صورتحال میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق، مئی سے نومبر 2025 تک بلوچستان کے مغربی اور جنوب مغربی علاقوں میں بارشوں کی کمی میں مزید شدت آئی ہے، جس کے باعث ان علاقوں میں خشک دنوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں فروری 2026 تک درجہ حرارت معمول سے زیادہ اور بارش معمول سے کم ہونے کا امکان ہے۔

ٹیگز: