شہباز شریف کی ایم کیو ایم وفد سے ملاقات ،تحریک عدم اعتماد کیلئے حمایت کا مطالبہ کر دیا

شہباز شریف کی ایم کیو ایم وفد سے ملاقات ،تحریک عدم اعتماد کیلئے حمایت کا مطالبہ کر دیا

لاہور:پیپلزپارٹی کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی ایم کیو ایم کے وفد سے اہم ملاقات ہوئی ،شہباز شریف نے کہا ملاقات میں تحریک عدم اعتماد سمیت اہم ایشو ز پر ایم کیو ایم سے بات ہوئی ہے ۔

ایم کیو ایم وفد سے ملاقات کے بعد شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بنانے میں ایم کیو ایم نے اہم کردار ادا کیا تھا،ایم کیو ایم کےرہنما پہلے پاکستانی ہیں انہیں ملک کیلئےمل کر سوچنا ہوگا،ایم کیو ایم پاکستانی ہونے کے ناطے اس حکومت کے خلاف بغاوت کرے گی،انہوں نے کہا ایم کیو ایم کو سب سے پہلے پاکستانی اور پھر حریف بن کر سوچنا ہو گا،وقت زیادہ نہیں، ایم کیو ایم کو فیصلہ کرنا ہو گا،ایم کیو ایم نے جلد فیصلہ نہ کیا تو قوم ان سے سوال کرے گی،ایم کیو ایم سےگذارش ہے کہ حکومتی حلیف سے بڑھ کر سوچیں،عامرخان اوران کےساتھیوں سےکہاعدم اعتماد آئینی طریقہ ہے۔

شہباز شریف کے بعد ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابھی اپوزیشن کا کوئی مشترکہ لائحہ عمل طے نہیں ہوا ،پہلے ایک مشترکہ لائحہ عمل طے ہوجائے اس کے بعد ایم کیو ایم اُسے اپنی  رابطہ  کمیٹی کے سامنے رکھے گی ۔

رہنما ایم کیو ایم عامر خان نے کہا وفاق نے پنجاب میں لوگوں کیلئے بے پناہ مشکلات کھڑی کر دی ہیں،سندھ کی طرح پنجاب میں بھی ہمارے دوست جن مشکلات کا شکار ہیں اس پر شہباز شریف کیساتھ ملاقات میں  بات ہوئی،انہوں نے کہا اپوزیشن کی طرف سے کوئی بھی بات طے شدہ نہیں ہے،مسلم لیگ (ن) سے جو بات چیت ہوئی ہےاسےاپنی رابطہ کمیٹی کےآگےرکھیں گے،ابھی مزید ملاقاتیں کریں گے پھر لائحہ عمل طے کریں گے، عامر خان نے کہا دوسری جانب مسلم لیگ (ن) ہمارےساتھ ہونےوالی بات چیت کو پی ڈی ایم کےاجلاس میں رکھےگی،اپوزیشن سے جو بھی گفتگو ہوگی اسےہم رابطہ کمیٹی میں رکھیں گے،اپوزیشن پہلے ایک ایجنڈا طے کرے گی جسےرابطہ کمیٹی میں بتائیں گے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملاقات میں  پاکستان کی معاشی،اقتصادی سماجی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی،آج غریب آدمی ایک وقت کی روٹی سے محروم ہے ،غریب آدمی کا بچہ دودھ کیلئے تر س رہا ہے ،بیمار بیٹی دوا سے محروم ہے ،والدین اپنے بچوں کی سکول کی فیس ادا کرنے سے قاصر ہیں ۔

شہباز شریف نے کہا بجلی،گیس کے بلوں میں ہوشربااضافہ ہوچکا،زندگی غریبوں پر مزید تنگ ہوچکی ہے،اس سے زیادہ نااہل،کرپٹ اور عاقبت نااندیش حکومت کبھی نہیں دیکھی،حکومت غریب آدمی پرٹیکسوں کی بھرپار کر رہی ہے،پاکستان کی 74سالہ تاریخ میں ایسی کرپٹ حکومت نہیں آئی۔

 اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا عمران خان کی کوشش ہے وہ اپوزیشن کو کسی طرح دیوار سے لگادیں،عوام کو تو دیوار سے لگا ہی رکھا ہے ،عمران خان نے آج پورے ملک کا ستیاناس کردیا ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا سی ای سی نے نوازشریف کو اختیار دیا ہےوہ جو فیصلہ کریں گےساتھ دیں گے،نوازشریف نے مجھے تمام سیاسی جماعتوں سے رابطےکاٹاسک دیا ہے،عوام کی خواہشات ہیں نااہل حکومت سے ملک کی جان چھڑائی جائے،عوام کی خواہشات ہے کہ عمران نیازی سے کسی طرح جان چھوٹے،نااہل حکومت کو مزید وقت دینا ملک و قوم کے مفاد میں نہیں ہے ۔

ایم کیو ایم  کے سینئر رہنما عامر خان نے کہا کہ   خالد مقبول صدیقی اور رابطہ کمیٹی کی مشاورت سے پنجاب کا دورہ کیاہے ،بلدیاتی بل کےحوالےسےآل پارٹیز کانفرنس میں مسلم لیگ (ن) نے بھی شرکت کی تھی،سندھ میں بلدیاتی حکومت کو تمام اختیارات منتقل کرنےکیلئے سپریم کورٹ گئے،بلدیاتی اداروں کو آئین کے مطابق با اختیار ہونا چاہیئے، جس کے بعد سپریم کورٹ نے ایم کیو ایم کےحق میں فیصلہ دیا،مسلم لیگ (ن) سے کہتے ہیں وہ بھی سپریم کورٹ کے فیصلےکولےکرعدالت جائیں۔

عامر خان نے کہا حکومت کے اتحادی ہوتےہوئےان کے سامنےمہنگائی کےمعاملےکو رکھا ہے،ملک بھرمیں مہنگائی میں بے پناہ اضافہ ہوچکا ہے،عوام کا جینا دوبھرہوگیا ہے،مہنگائی کا جو طوفان آیا ہے اس پر ہمیں بھی تحفظات ہیں۔