سیہون : حضرت لعل شہباز قلندر کا سالانہ 774واں عرس دوسرے روز بھی بھرپور طریقے سے جاری ہے، اور زائرین کی بڑی تعداد نے مزار قلندر پر حاضری دی۔ سیہون کی گلیوں میں جشن کا سا سماں ہے، جہاں "جھولے لعل" اور "دمادم مست قلندر" کے نعرے گونج رہے ہیں۔
اس موقع پر سندھ کی روایتی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے محکمہ سپورٹس سندھ نے ملھ ملاکھڑے کے دلچسپ مقابلے کروائے، جس میں مقامی اور زائرین نے بھرپور حصہ لیا۔ یہ کھیل سیہون کی ثقافت کا ایک اہم حصہ ہیں اور عرس کی محفل کو مزید رنگین بناتے ہیں۔
آج رات شہباز آڈیٹوریم ہال میں قلندر شہباز ادبی کانفرنس کا بھی انعقاد ہوگا، جس میں مختلف شعبوں کی شخصیات اور دانشور حضرت لعل شہباز قلندر کی تعلیمات اور ان کے اثرات پر گفتگو کریں گے۔
حضرت لعل شہباز قلندر کا عرس ہر سال لاکھوں زائرین کو اپنی طرف کھینچتا ہے اور یہ محفلیں نہ صرف روحانی بلندی کا باعث بنتی ہیں بلکہ سندھ کی ثقافت کا عکاس بھی ہیں۔