اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید کیپٹن عباس خان کی رہائش گاہ پر جا کر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ اس موقع پر آئی جی فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا نارتھ بھی وزیر داخلہ کے ہمراہ موجود تھے۔
محسن نقوی نے شہید کیپٹن عباس خان کے والد اور اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا، اور شہید کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ وزیر داخلہ نے شہید کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔
اس دوران وزیر داخلہ نے کہا، "آپ جیسے پرعزم والد کا حوصلہ ہی قوم کے جذبے کو مزید مضبوط کرتا ہے۔ آپ کے بلند عزم کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔"
شہید کیپٹن عباس خان کے والد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا، "ہمیں اپنے بہادر بیٹے کی شہادت پر فخر ہے، وطن کے لیے ہر بیٹا حاضر ہے۔"وزیر داخلہ نے اپنے دورے کے دوران قبائلی عمائدین اور مشران سے بھی ملاقات کی۔ قبائلی عمائدین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ مسلح افواج کا ہر قیمت پر ساتھ دیں گے اور شہید کیپٹن عباس کے نقشِ قدم پر چلیں گے۔
قبائلی عمائدین کا کہنا تھا کہ وہ دفاعِ وطن کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں اور وطن کی سالمیت پر کسی قسم کی آنچ نہیں آنے دیں گے۔