راولپنڈی/فیصل آباد : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے دی گئی احتجاج اور ہڑتال کی کال کو تاجر تنظیموں اور ٹرانسپورٹرز نے یکسر مسترد کر دیا ہے۔ راولپنڈی اور فیصل آباد سمیت پنجاب کے بڑے تجارتی مراکز میں معمولاتِ زندگی مکمل طور پر بحال ہیں اور عوام نے احتجاجی سیاست کا حصہ بننے سے انکار کر دیا ہے۔
راولپنڈی کے اہم کاروباری حلقوں، جن میں راجہ بازار، صدر، اور کمرشل مارکیٹ شامل ہیں، تمام دکانیں اور مارکیٹیں معمول کے مطابق کھلی ہیں۔مری روڈ، آئی جے پی روڈ، پشاور روڈ اور صدر مال روڈ پر ٹریفک کی روانی برقرار ہے اور پبلک ٹرانسپورٹ سڑکوں پر موجود ہے۔
کسی بھی ممکنہ احتجاج یا ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے مری روڈ اور دیگر حساس مقامات پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
مانچسٹر آف پاکستان کہلانے والے شہر فیصل آباد کے تاجروں نے بھی ہڑتال کی کال کو مسترد کر دیا ہے۔ شہر کے تمام آٹھوں بازار اور بڑی مارکیٹیں کھلی ہیں، جہاں خریداروں کا تانتا بندھا ہوا ہے۔ تاجر رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ملک مزید کسی معاشی نقصان کا متحمل نہیں ہو سکتا، اس لیے وہ کاروبار بند نہیں کریں گے۔
ٹرانسپورٹ اتحاد اور تاجر تنظیموں کے مطابق، مسلسل احتجاجی کالز سے روزانہ کی اجرت پر کام کرنے والے طبقے کا شدید نقصان ہوتا ہے۔ آج مارکیٹیں کھلی رکھ کر شہریوں نے یہ پیغام دیا ہے کہ وہ استحکام اور معاشی ترقی کے حامی ہیں۔