ممبئی : آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے پانچویں میچ میں نیپال نے اپنی زبردست کارکردگی سے کرکٹ کی دنیا کو ششدر کر دیا۔ ممبئی کے تاریخی وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے نیپال کو ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد محض 4 رنز سے شکست دے کر اپنی لاج بچا لی۔
انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز سکور کیے اور نیپال کو جیت کے لیے 185 رنز کا مشکل ہدف دیا۔ بظاہر یہ ہدف نیپال جیسی ایسوسی ایٹ ٹیم کے لیے ناممکن نظر آ رہا تھا، لیکن نیپالی بلے بازوں نے میدان میں اترتے ہی نقشہ بدل دیا۔
نیپال کے روہت پاؤڈیل اور دیپیندر سنگھ آئری نے انگلش باؤلنگ لائن کے پرخچے اڑا دیے۔ دونوں کے درمیان 82 رنز کی شاندار شراکت داری قائم ہوئی جس نے انگلینڈ کے خیمے میں کھلبلی مچا دی۔ نیپالی بلے بازوں نے خاص طور پر عالمی شہرت یافتہ سپنر عادل رشید کو نشانہ بنایا اور ان کی گیندوں پر جارحانہ بڑے شاٹس کھیلے۔
ایک موقع پر ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ نیپال ورلڈ کپ کا پہلا بڑا اپ سیٹ کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔نیپال کی جیت کی راہ میں انگلش باؤلرز سیم کرن اور لیام ڈاسن حائل ہوئے۔ سیم کرن نے اپنی مہارت کا استعمال کرتے ہوئے دیپیندر سنگھ کو آف کٹر پر کیچ آؤٹ کروایا۔
جلد ہی کپتان روہت پاؤڈیل بھی لیام ڈاسن کی گیند پر باؤنڈری لائن پر کیچ دے بیٹھے۔ان دو اہم وکٹوں کے گرنے کے بعد نیپال کی ٹیم دباؤ کا شکار ہو گئی اور آخری اوورز میں مطلوبہ رن ریٹ حاصل نہ کر سکی۔ یوں انگلینڈ یہ میچ ہارتے ہارتے بمشکل جیتنے میں کامیاب رہا۔