آشیانہ اقبال کیس، شہبازشریف احتساب عدالت میں پیش

 آشیانہ اقبال کیس، شہبازشریف احتساب عدالت میں پیش
کیپشن: آشیانہ اقبال کیس میں گواہوں کے بیانات قلمبند کیے جائیں گے۔۔۔۔۔۔فوٹو/ شہباز شریف فیس بُک پیج

لاہور: احتساب عدالت میں آشیانہ اقبال اسکینڈل کیس کی سماعت آج ہو گی۔ عدالت کے جج جوادالحسن کیس کی سماعت کریں گے۔ عدالت نے سماعت کے موقع پر مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سمیت دیگر ملزمان کو آج پیش ہونے کا حکم دیا تھا جس کی پیروی کرتے ہوئے شہباز شریف عدالت پہنچ گئے۔

اس کے علاوہ سابق پرنسپل سیکریٹری فوادحسن فواد، سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ سمیت دیگر ملزمان کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ آشیانہ اقبال کیس میں گواہوں کے بیانات قلمبند کیے جائیں گے۔

کیس کی سماعت کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف آنے والے راستوں کو کنٹینرز اور خار دار تاریں لگا کر بند کر دیا گیا ہے جب کہ پولیس کی اضافی نفری احتساب عدالت کے اندار اور باہر تعینات کر دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو نیب نے گزشتہ برس 5 اکتوبر کو صاف پانی کیس میں طلب کیا تھا لیکن جب وہ بیان ریکارڈ کرانے پہنچے تو انہیں آشیانہ اسکیم کیس میں گرفتار کیا گیا تھا۔