بالی وڈ کنگ دلیپ کمار پر تنقید پر ارمیلا نے بی جے پی رہنما کو کھری کھری سنا دی

بالی وڈ کنگ دلیپ کمار پر تنقید پر ارمیلا نے بی جے پی رہنما کو کھری کھری سنا دی
سورس: file photo

ممبئی: ارمیلا ماٹونڈکر نے بی جے پی رہنما کو دلیپ کمار کی موت سے متعلق بیان پر کھری کھری سنادی۔

کروڑوں دلوں پر راج کرنے والے برصغیر کے نامور اداکار وشہنشاہ جذبات دلیپ کمار گزشتہ روز 98 سال کی عمر میں دنیائے فانی سے کوچ کرگئے۔ ان کی موت کی خبر نے بالی ووڈ فلم انڈسٹری، بھارتی سیاستدانوں سمیت ان کے چاہنے والوں کو غمزدہ کردیا۔

دنیا بھر سے جہاں شہنشاہ جذبات کی موت پر تعزیتی پیغامات دیے جارہے ہیں وہیں انہیں شاندار فلمی کیریئر پر خراج تحسین بھی پیش کیا جارہا ہے۔ ایسے میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما ارون یادو نے بھی دلیپ کمار سے متعلق ہندی میں ایک ٹوئٹ کی۔

  بی جے پی لیڈر کی جانب سے ٹوئٹ میں کہا گیا ’’محمد یوسف خان (دلیپ کمار) نے فلمی دنیا میں ہندو نام رکھتے ہوئے پیسہ کمایا، ان  کی موت سے فلم انڈسٹری کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے اس موقع پر میں غمزدہ خاندان سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں‘‘۔

اداکارہ ارمیلا ماٹونکر نے بی جے پی لیڈر کی ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے انہیں کھری کھری سنادی۔ ٹوئٹ کے جواب میں ارمیلا نے کہا ’’ آپ کو شرم آنی چاہیے‘‘۔

واضح رہے دلیپ کمار کو گزشتہ روز بھارت کے تمام سرکاری اعزاز کے ساتھ ممبئی کے قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا تھا۔