Get Alerts

افغانستان کی سرزمین دہشت گردوں کے لیے محفوظ پناہ گاہ نہیں بننی چاہیے، عاصم افتخار

 افغانستان کی سرزمین دہشت گردوں کے لیے محفوظ پناہ گاہ نہیں بننی چاہیے، عاصم افتخار

نیویارک : پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں افغانستان کی موجودہ صورتحال پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان سے سرگرم دہشت گرد تنظیمیں نہ صرف پاکستان کے لیے بلکہ پوری دنیا کے لیے خطرہ بن چکی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ افغان سرزمین سے دہشت گردوں کی دراندازی پاکستان کی سلامتی کے لیے بڑا چیلنج ہے، خاص طور پر کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) جو پاکستان میں حملوں کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

عاصم افتخار نے مزید کہا کہ افغانستان میں چھوڑی گئی ہتھیاروں کا استعمال پاکستان کے خلاف ہو رہا ہے، اور افغانستان کو کسی بھی ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونے دینا چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ افغان سرزمین کو دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہ بننے سے روکنا ضروری ہے، کیونکہ القاعدہ، الخوارج، ٹی ٹی پی اور بلوچ شدت پسند افغانستان میں بدستور سرگرم ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پاک افغان ایڈیشنل سیکرٹری سطح کے مذاکرات میں دونوں ممالک نے دہشت گردی کو خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔ پاکستان نے افغانستان میں موجود دہشت گرد گروپوں کے خلاف کارروائی کی ضرورت پر زور دیا، اور کہا کہ افغانستان سے دہشت گرد پاکستان کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ دونوں ممالک نے علاقائی ترقی کی راہ میں دہشت گرد گروپوں کے اثرات کو روکنے کی اہمیت پر بھی بات کی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، مذاکرات میں تجارت اور ٹرانزٹ تعاون کو مزید گہرا کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، تاکہ دونوں ممالک کے مابین اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔

ٹیگز: