کراچی: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے کراچی زون کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کی اور مختلف غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کے احکامات جاری کیے۔ اجلاس میں حوالہ ہنڈی، بھکاری مافیا، جعلی ادویات، نان کسٹم مصنوعات اور غیر قانونی ترسیلات زر جیسے اہم معاملات زیرِ غور آئے۔
محسن نقوی نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ حوالہ ہنڈی کے نیٹ ورک میں ملوث بااثر افراد کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے اور کسی بھی قسم کے دباؤ میں آئے بغیر مافیا کا قلع قمع کیا جائے۔
انہوں نے بھکاری مافیا کے خلاف بھی سخت موقف اپناتے ہوئے کہا کہ ایسے عناصر ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہے ہیں، اس لیے ان کے سہولت کاروں، ایجنٹس اور بیرون ملک سے ڈی پورٹ ہو کر آنے والے بھکاریوں کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام صوبوں کی مدد سے مفرور ایجنٹس کو بھی گرفتار کیا جائے۔
وزیر داخلہ نے جعلی ادویات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپناتے ہوئے کہا کہ انسانی زندگیوں سے کھیلنے والوں کی جگہ جیل ہے، اور ایسے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔
مزید برآں، محسن نقوی نے نان کسٹم پیڈ مصنوعات کے خلاف بھرپور کارروائی اور 5 ہزار ڈالر سے زائد رقم بیرونِ ملک لے جانے والے افراد کے خلاف بھی قانونی کارروائی کا حکم دیا۔
اجلاس کے دوران ایف آئی اے کے ڈائریکٹر کراچی زون نعمان صدیق نے وزیر داخلہ کو ادارے کی کارکردگی اور درپیش مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ساؤتھ مجاہد اکبر خان، مختلف شعبوں کے ڈپٹی ڈائریکٹرز اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔