اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب نے کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں کارکردگی اور احتساب پر مبنی نظامِ حکومت کے نفاذ کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) پاکستان کے مالیاتی نظام کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور حکومت وزیر اعظم کی قیادت میں ایف بی آر میں اصلاحات پر کام کر رہی ہے تاکہ ٹیکس وصولی میں اضافہ اور ادارے کو جدید و موثر بنایا جا سکے۔
اجلاس میں پاور ڈویژن اور لا ڈویژن نے اپنی کارکردگی، تنظیم نو اور اصلاحات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ کارکردگی پر مبنی انسانی وسائل کی پالیسیاں سرکاری اخراجات کو عوامی سہولیات میں بدلنے کا باعث بنیں گی۔