Get Alerts

ایران نے اسرائیل کی مکمل جوہری دستاویزات حاصل کرلیں، جلد افشا کرنے کا اعلان

ایران نے اسرائیل کی مکمل جوہری دستاویزات حاصل کرلیں، جلد افشا کرنے کا اعلان

تہران / یروشلم :ایران کے وزیر برائے انٹیلی جنس، اسمٰعیل خطیب نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے اسرائیل کی مکمل اور انتہائی حساس جوہری دستاویزات حاصل کر لی ہیں، جنہیں جلد منظر عام پر لایا جائے گا۔

اتوار کے روز ایرانی سرکاری ٹیلی ویژن سے گفتگو کرتے ہوئے اسمٰعیل خطیب نے کہا کہ یہ دستاویزات اسرائیل کی جوہری تنصیبات، امریکہ، یورپ اور دیگر عالمی طاقتوں سے اس کے تعلقات، اور دفاعی صلاحیتوں سے متعلق تفصیلی معلومات پر مشتمل ہیں۔

انہوں نے ان دستاویزات کو "قیمتی خزانہ" قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کے حصول سے ایران کی انٹیلی جنس اور دفاعی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ ایرانی وزیر نے کہا کہ ان دستاویزات کی منتقلی ایک پیچیدہ اور محفوظ عمل تھا، جس کی نوعیت خفیہ رکھی گئی ہے، تاہم بہت جلد انہیں دنیا کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

اسرائیلی حکومت کی جانب سے تاحال اس دعوے پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔ تاہم تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر ایران کا یہ دعویٰ درست ثابت ہوتا ہے تو یہ اسرائیل کے لیے نہ صرف انٹیلیجنس کے محاذ پر ایک سنگین دھچکا ہوگا بلکہ خطے میں جاری کشیدگی میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے۔

یاد رہے کہ 2018 میں اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے تہران سے ایرانی جوہری پروگرام سے متعلق ایک بڑا ’آرکائیو‘ قبضے میں لینے کا دعویٰ کیا تھا، جسے بنیاد بنا کر امریکہ نے ایران کے ساتھ جوہری معاہدے سے دستبرداری اختیار کی تھی۔

ایران نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ وہ یورینیم کی افزودگی ترک نہیں کرے گا۔ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے بدھ کو بیان دیا کہ یورینیم افزودگی ترک کرنا "100 فیصد" ایران کے قومی مفادات کے خلاف ہے۔

دوسری جانب، مغربی طاقتیں ایران پر ایٹمی ہتھیار بنانے کے الزامات لگاتی رہی ہیں، جن کی تہران سختی سے تردید کرتا آیا ہے۔

ٹیگز: