Get Alerts

حکومت کا فاٹا سے متعلق شوباز ڈراما تسلیم نہیں کرتے، آصف علی زرداری

حکومت کا فاٹا سے متعلق شوباز ڈراما تسلیم نہیں کرتے، آصف علی زرداری

اسلام آباد:  پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری نے فاٹا اصلاحات پر حکومت کو آڑھے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کا فاٹا سے متعلق شوباز ڈراما تسلیم نہیں کرتے اس معاملے پر سیاسی قوتوں سے پوچھا جائے اور فاٹا اصلاحات کو پارلیمنٹ میں لایا جائے.

 اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین آصف زرداری کا کہنا تھا کہ حکومت نے فاٹا پر 5 سال میں فیصلہ کرنے کا کہا ہے لیکن ہم فاٹا میں ریفرنڈم کے حامی نہیں فاٹا کے معاملے پر سیاسی قوتوں سے پوچھا جائے کیوں کہ حکومت کی فاٹا پر پوزیشن واضح نہیں اور ریفرنڈم میں ہیر پھیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا اصلاحات بی بی شہید اور ہمارا خواب ہے. ہم فاٹا کے عوام کو بااختیار دیکھنا چاہتے ہیں لہذا فاٹا اصلاحات پارلیمنٹ میں لائیں. ہم فاٹا عوام کے ساتھ ہوں گے لیکن حکومت کا فاٹا سے متعلق شوباز ڈراما تسلیم نہیں کرتے۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کو بھی ایک یونٹ ہونا چاہیے اور وہاں بھی دیگر صوبوں جیسے اختیارات ہونے چاہئیں۔ قبائلی عوام کو اختیارات دلائیں گے۔ عمران خان سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ان دوستوں کی طرف جایا جاتا ہے جو ہاتھ بڑھائیں، عمران خان جب بھی دوستی کا ہاتھ بڑھائیں ہم سوچیں گے۔سابق صدر نے پاناما کیس پر سوال یہ کہہ کر ٹال دیا کہ وہ عدالتی فیصلہ آنے کے بعد ہی اس پر کمنٹ کریںگے.