پی ڈی ایم اجلاس: پنجاب میں تبدیلی، لانگ مارچ ،چیئرمین سینیٹ کے انتخاب پر تبادلہ خیال

پی ڈی ایم اجلاس: پنجاب میں تبدیلی، لانگ مارچ ،چیئرمین سینیٹ کے انتخاب پر تبادلہ خیال
کیپشن: پی ڈی ایم سربراہی اجلاس ، پنجاب میں تبدیلی، لانگ مارچ ،چیئرمین سینیٹ کے انتخاب پر تبادلہ خیال
سورس: file

اسلام آباد: اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس  مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت  اسلام آباد میں جاری ہے ۔ اجلاس میں وزیراعظم اور حکومت کے خلاف آئندہ کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے اعتماد کے ووٹ کے عمل کا جائزہ لینے کے علاوہ لانگ مارچ اور چیئرمین سینٹ کے انتخاب کے لیے بھی حکمت عملی پر مشاورت ہو گی۔

پیپلز پارٹی کی طرف سے یوسف رضا گیلانی کا نام سینیٹ کے چیئرمین کے طور پر پیش کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم  میں شامل دیگر جماعتیں یوسف رضا گیلانی کی حمایت پر راضی ہوجائیں گی۔ 

مسلم لیگ ن کی طرف سے فیصل واوڈا کے استعفے کے بعد خالی ہونے والی نشست این اے 249 کراچی میں اپنے امیدوار مفتاح اسماعیل کے بارے میں بتایا جائے گا اور مطالبہ کیا جائے گا کہ مفتاح اسماعیل کو پی ڈی ایم کا امیدوار بنایا جائے۔

پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں پنجاب میں متوقع تبدیلی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کے بارے میں بھی غور کیا جائے گا۔ 

 واضح رہے کہ رہے کہ پی ڈی ایم نے 26 مارچ کو لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے اور اس حوالے سے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم اسلام آباد ایک دن کے احتجاج کے لیے نہیں بلکہ طویل دھرنا دینے کے لیے آ رہے ہیں۔