سعودی عرب کے شہزادے کا فرانسیسی فٹ بال کلب خریدنے کا فیصلہ

سعودی عرب کے شہزادے کا فرانسیسی فٹ بال کلب خریدنے کا فیصلہ
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

ریاض: سعودی عرب کے شہزادے عبداللہ بن مساعد بن عبدالعزیز السعود نے فرانسیسی فٹ بال کلب خریدنے کا فیصلہ کر لیا ہے جن کا کہنا ہے کہ مجھے پیسے اور کھیلوں کے ساتھ محبت ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق سعودی شہزادے عبداللہ بن مساعد فٹ بال کے شوقین ہیں اور پہلے ہی کئی ملکوں میں فٹ بال ٹیمیں خرید چکے ہیں،  اس سے قبل وہ انگلش فٹ بال لیگ کی ٹیم شیفیلڈ یو نائیٹڈ اور بیلجیم کا بریشوٹ کلب بھی خرید چکے ہیں، اس کے علاوہ سعودی شہزادے نے بھارت کا کیرالا یونائیٹڈ کلب بھی خرید رکھا ہے۔

اب سعودی شہزادے نے فرانسیسی فٹ بال  کا سیکنڈ ڈویژن کلب شاتوغو خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے جنہوں نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ شاتوغو کلب خریدنے کیلئے کافی عرصے سے بات چیت جاری ہے، میں انگلینڈ اور بیلجیم میں سرمایہ کاری کرنے پر خوش تھا لیکن فرانس سے میرا جذباتی تعلق ہے کیونکہ یہاں میرے بچپن کی یادیں موجود ہیں، سعودی شہزادے کا کہنا ہے کہ مجھے پیسے اور کھیلوں سے محبت ہے۔

واضح رہے کہ ایک اندازے کے مطابق سعودی شہزادے عبداللہ بن مساعد کی دولت کا تخمینہ 20 کروڑ یوروزلگایا گیا ہے جبکہ دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ فرانسیسی کلب کی فروخت کا تخمینہ 28 لاکھ یوروز لگایا گیا ہے۔