Get Alerts

جنگ کا دوسرا ہفتہ: ایران، اسرائیل اور امریکا کی بمباری، کشیدگی میں اضافہ،ایران کا 220 امریکی فوجیوں کی ہلاکت کا دعویٰ

 جنگ کا دوسرا ہفتہ: ایران، اسرائیل اور امریکا کی بمباری، کشیدگی میں اضافہ،ایران کا 220 امریکی فوجیوں کی ہلاکت کا دعویٰ

تہران : تہران اور اصفہان سمیت ایران کے مختلف شہروں پر اسرائیل اور امریکا کی بمباری کے دوسرے ہفتے میں شدت بڑھ گئی ہے، جس کے نتیجے میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہوئے۔ امریکی میڈیا کے مطابق تازہ حملوں میں فوجی اڈے، میزائل لانچر اور پاسداران انقلاب کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، تاہم ایران نے دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ شہری آبادی پر بمباری ہوئی۔ اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے 80 لڑاکا طیارے تباہ کر دیے گئے ہیں۔

ہلال احمر کے مطابق اب تک ایران میں پانچ ہزار سے زائد رہائشی یونٹس، ایک ہزار کمرشل یونٹس، 14 میڈیکل سینٹرز اور 65 سکول نشانہ بن چکے ہیں۔

چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا کہ ایران میں حکومت کی تبدیلی کا منصوبہ مقبولیت حاصل نہیں کر سکا، اور انہوں نے جنگ کو پھیلنے سے روکنے اور بڑے ممالک کے تعمیری کردار پر زور دیا۔ چین نے ایران پر حملے فوری بند کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

سعودی عرب نے ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کا سفارتی حل چاہا لیکن ملک کی سلامتی یا آئل تنصیبات پر حملے برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ خلیجی ممالک نے اب تک امریکا کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی، تاہم مستقبل میں حالات خراب ہونے پر یہ اجازت دی جا سکتی ہے۔

ایران نے بھی اسرائیل اور امریکا کے خلاف میزائل اور ڈرون حملے کیے۔ ایرانی فوج کا دعویٰ ہے کہ شمالی خلیج فارس میں امریکی آئل ٹینکر اور الظفرہ ایئربیس میں امریکی فوجی نشانہ بنے، جبکہ تل ابیب میں سٹریٹجک اہداف پر حملے کیے گئے۔ پاسداران انقلاب نے صوبہ ہرمزگان میں ایک اسرائیلی ڈرون مار گرایا۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی صدر کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایران کسی بھی کشیدگی کے لیے تیار ہے اور اسرائیل امریکا کو جنگ میں دھکیل رہا ہے۔ لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے بھی اسرائیل کے مختلف فوجی اہداف پر میزائل حملے کیے۔

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے دعویٰ کیا کہ امریکا کے ساتھ مل کر ایران کی فضائی حدود پر تقریباََ مکمل کنٹرول حاصل کر لیا گیا ہے اور اسرائیل جنگ پوری طاقت کے ساتھ جاری رکھے گا۔

دبئی میں بھی ایرانی حملوں کی زد میں امریکی مقامات آئے، جس کے دوران ایک پاکستانی شہری ہلاک ہوا اور دیگر اماراتی تنصیبات کو معمولی نقصان پہنچا۔

ٹیگز: