اسلام آباد/عمان: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے اردن کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ ایمن صفدی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔ گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے مشرقِ وسطیٰ کی مجموعی صورتحال اور خطے میں تیزی سے بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے کشیدگی میں فوری کمی (De-escalation) ناگزیر ہے۔اسحاق ڈار نے زور دیا کہ مسائل کے حل کے لیے ڈائیلاگ اور سفارت کاری ہی واحد راستہ ہیں، تاکہ امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے جس کے اثرات خطے اور اس سے باہر تک پڑتے ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں بھی اہم علاقائی و عالمی معاملات پر مسلسل مشاورت اور قریبی رابطہ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔
یہ رابطہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب خطے میں عالمی طاقتوں اور علاقائی ممالک کے درمیان تنازعات شدت اختیار کر رہے ہیں۔ پاکستان اور اردن کے درمیان اس ہم آہنگی کو سفارتی حلقوں میں علاقائی استحکام کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔