ہرارے ٹیسٹ، زمبابوے کے پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 52 رنز، 458 رنز کا خسارہ باقی

ہرارے ٹیسٹ، زمبابوے کے پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 52 رنز، 458 رنز کا خسارہ باقی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

ہرارے: پاکستان اور زمبابوے کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر زمبابوے نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 52 رنز بنا لئے ہیں اور اسے مزید 458 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور زمبابوے کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے دن کا کھیل ختم ہوگیا، زمبابوے نے پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 52 رنز بنا لئے ہیں اور اسے پاکستان کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید 458 درکار ہیں۔
زمبابوے کی جانب سے کیون کسوزا 4 رنز بنا کر حسن علی کا نشانہ بنے اور مساکندا بغیر کوئی رن بنائے آﺅٹ ہوئے جبکہ کپتان برینڈین ٹیلر 9 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ ملٹن شامبا کو 2 رنز پر ساجد خان نے پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ریگس شکابوا 28 اور ٹینڈائی چیسورو ایک سکور کیساتھ کریز پر موجود ہیں۔ 
پاکستان کی جانب سے تمام باﺅلرز نے ہی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور نپی تلی باﺅلنگ کے ذریعے زمبابوین بلے بازوں کو پریشان کئے رکھا۔ قومی ٹیم کے باؤلر تابش خان، فاسٹ باؤلر حسن علی، فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی اور ساجد خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں پاکستان نے عابد علی کی عمدہ ڈبل سنچری کی بدولت اپنی پہلی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 510 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر دی تھی۔ عابد علی نے کھیل کے دوسرے روز بھی اپنی شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 393 گیندوں پر 27 چوکوں کی مدد سے ڈبل سنچری سکور کی اور 215 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ نعمان علی نے اپنی پہلی نصف سنچری بنائی اور بدقسمتی سے صرف 3 رنز کی کمی سے سنچری نہ بناسکے اور 97 رنز پر آؤٹ ہوئے۔
اوپنر عابد علی نے کیرئیر کی پہلی ڈبل سنچری سکور کی اور اس کیساتھ ہی ہرارے میں ڈبل سنچری بنانے والے دوسرے پاکستانی بلے باز بن گئے، ان سے قبل یہ اعزاز پاکستان کے مایہ ناز سابق کپتان اور موجودہ بیٹنگ کوچ یونس خان نے 2013ءمیں ڈبل سنچری بنا کر حاصل کیا تھا۔ 
واضح رہے کہ 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو ایک اننگز 116 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر رکھی ہے اور اس وقت تک دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی یقینی کامیابی نظر آ رہی ہے۔