Get Alerts

بھارت خود کو جج، جیوری اور جلاد بنا کر پاکستان کے خلاف کارروائیاں کر رہا ہے ،بلاول بھٹو زرداری

 بھارت خود کو جج، جیوری اور جلاد بنا کر پاکستان کے خلاف کارروائیاں کر رہا ہے ،بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد : پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کی جانب سے پاکستان میں عام شہریوں اور معصوم بچوں کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت خود کو جج، جیوری اور جلاد بنا کر پاکستان کے خلاف کارروائیاں کر رہا ہے۔ عرب میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بلاول بھٹو نے کہا کہ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے، جسے بھارت اقوام متحدہ میں لے کر گیا تھا، اور اس تنازعے کا حل نہ ہونے تک جنوبی ایشیا میں امن کا قیام ممکن نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان گزشتہ دو ہفتوں سے بھارت کی جارحیت کو برداشت کر رہا ہے، اور بھارت نے جھوٹے الزامات پاکستان پر عائد کیے ہیں جن کے کوئی ثبوت نہیں ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پوری دنیا جانتی ہے کہ کوئی بھی شخص تب تک معصوم رہتا ہے جب تک کہ اسے گناہ گار ثابت نہ کیا جائے، اور بھارت کو الزام لگانے کے لیے کم از کم ثبوت فراہم کرنا چاہیے اور ٹرائل کا عمل بھی مکمل کرنا چاہیے۔

پی پی چیئرمین نے یہ بھی واضح کیا کہ بھارت پاکستان کی فوج کو ٹارگٹ نہیں کر رہا، بلکہ وہ عام شہریوں اور معصوم بچوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے پاکستان کی خودمختاری پر سوال اٹھایا ہے، اور کسی بھی آزاد اور خودمختار ملک کے لیے جنگی حالات میں جوابی کارروائی کرنا ضروری ہوتا ہے۔

بلاول بھٹو نے کشمیر کے مسئلے کو بہت بڑا قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری اور پاکستانی عوام کو اپنے حقوق کے لیے دہشت گردی پر انحصار کرنے کی ضرورت نہیں ہے، کیونکہ دہشت گردی نہ صرف ایک خلفشار ہے بلکہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے بھی نقصان دہ ہے۔

آخر میں، بلاول بھٹو نے کہا کہ دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان تصادم انسانیت کے لیے بہت بڑا خطرہ ثابت ہو سکتا ہے، اور اس کا اثر پوری دنیا پر پڑے گا۔

ٹیگز: