اسلام آباد : موجودہ حالات اور متعدد ائیرپورٹس کی بندش کے پیش نظر وزارت مذہبی امور نے حج پروازوں کے شیڈول کے بارے میں رہنمائی کے لیے ایک خصوصی ہیلپ لائن قائم کر دی ہے۔ وفاقی وزیر سردار محمد یوسف کی ہدایت پر یہ اقدام عازمینِ حج کی سہولت کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
وزارت کے ترجمان کے مطابق، یہ ہیلپ لائن 24 گھنٹے فعال رہے گی اور حاجیوں کو ان کی پروازوں، شیڈول اور روانگی سے متعلق تازہ ترین معلومات فراہم کرے گی۔ اس ہیلپ لائن کی نگرانی ڈائریکٹر آئی ٹی جمیل الرحمان کر رہے ہیں، جبکہ عملہ دو مختلف شفٹوں میں خدمات انجام دے گا۔
عازمین حج کسی بھی وقت ہیلپ لائن پر کال کر کے اپنی روانگی کے بارے میں معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ حاجیوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اپنی متعلقہ حاجی کیمپ سے بھی رابطے میں رہیں تاکہ کسی ممکنہ تبدیلی یا اطلاع سے بروقت آگاہ ہو سکیں۔