اسلام آباد:ملکی اور خطے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کے تناظر میں سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف وزیراعظم ہاؤس پہنچ گئے۔ ان کی آمد پر اہم سطح کی مشاورت کا آغاز ہو چکا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف، نواز شریف کو موجودہ جنگی حالات اور قومی سلامتی کے امور پر بریفنگ دیں گے۔ مشاورت میں مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کی شرکت بھی متوقع ہے، جہاں مستقبل کی حکمتِ عملی پر غور کیا جائے گا۔
یہ اہم ملاقات ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب پاک فوج نے 25 بھارتی ڈرونز مار گرائے ہیں۔ جھڑپوں کے دوران ایک شہری شہید اور چار فوجی اہلکاروں سمیت چھ افراد زخمی ہوئے ہیں، جس سے خطے میں کشیدگی میں واضح اضافہ ہوا ہے۔
حساس حالات کے پیش نظر قیادت کی سطح پر فوری فیصلوں کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے، اور نواز شریف کی وزیراعظم ہاؤس میں موجودگی کو سیاسی اور دفاعی فیصلہ سازی میں اہم موڑ قرار دیا جا رہا ہے۔