ویٹی کن سٹی:ویٹی کن سٹی میں کیتھولک مسیحیوں کے نئے روحانی پیشوا کے انتخاب کی پہلی کوشش کامیاب نہ ہو سکی، جس کا واضح اشارہ سسٹین چیپل کی چمنی سے اُٹھنے والے کالے دھوئیں سے ملتا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، 133 کارڈینلز نے خفیہ طریقے سے ووٹنگ کی، لیکن کوئی بھی امیدوار دو تہائی اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ نئے پوپ کے انتخاب کے لیے کم از کم 89 ووٹ درکار ہیں۔
سینٹ پیٹرز سکوائر میں موجود ہزاروں کیتھولک عقیدت مند شدت سے چمنی سے نکلنے والے دھوئیں کا انتظار کر رہے تھے۔ تقریباً ساڑھے تین گھنٹے بعد چمنی سے کالا دھواں نمودار ہوا، جس سے واضح ہو گیا کہ پہلے دن نیا پوپ منتخب نہیں ہو سکا۔
کارڈینلز اب سانتا مارٹا گیسٹ ہاؤس واپس جائیں گے اور جمعرات کو دوبارہ ووٹنگ کا آغاز کیا جائے گا۔ یہ انتخاب پوپ فرانسس کے حالیہ انتقال کے بعد کیتھولک کمیونٹی کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔