ممبئی : بھارتی فوج کی جانب سے پاکستانی علاقوں پر بزدلانہ حملے کے بعد پاکستان کے جوابی حملے کا خوف بھارت میں بڑھ گیا ہے، جس کے باعث بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے آئی پی ایل 2025 کے پنجاب کنگز اور ممبئی انڈینز کے درمیان 11 مئی کو ہونے والے میچ کا مقام تبدیل کر دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق، یہ میچ پہلے دھرم شالہ میں شیڈول تھا، جو کہ پنجاب کنگز کا دوسرا ہوم گراؤنڈ ہے، لیکن پاکستان کے ردعمل کے خوف کے باعث بی سی سی آئی نے اس میچ کو احمد آباد منتقل کرنے کا فیصلہ کیا۔ دھرم شالہ میں پنجاب کنگز نے پہلے ہی ایک میچ کھیلا ہے اور اس مقام پر تین میچز کا شیڈول تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کے پیچھے یہ مقصد تھا کہ دونوں ٹیموں کو اپنے "ہوم ایڈوانٹیج" کا فائدہ نہ مل سکے۔ پہلے ممبئی کو متبادل مقام کے طور پر سوچا گیا تھا لیکن بعد میں احمد آباد کا انتخاب کیا گیا۔
بھارتی فوج نے آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں جیسے کوٹلی، مظفر آباد، باغ، مریدکے اور احمد پور شرقیہ میں بزدلانہ حملے کیے، جس میں دو مساجد شہید ہوئیں اور 26 پاکستانی شہری شہید اور 46 زخمی ہوئے۔ اس حملے کے بعد بھارت میں پاکستان کے ممکنہ ردعمل کا خوف بڑھ گیا ہے، جس کے اثرات بھارتی کرکٹ میچز پر بھی دکھائی دے رہے ہیں۔