Get Alerts

سونے کی قیمتوں میں کمی، فی تولہ 4200 روپے سستا

سونے کی قیمتوں میں کمی، فی تولہ 4200 روپے سستا

کراچی: بین الاقوامی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد آج نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس سے سرمایہ کار حلقوں اور زیورات کے خریداروں میں قدرے اطمینان پایا جا رہا ہے۔

بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 42 ڈالر کی کمی ہوئی، جس کے بعد نئی قیمت 3,343 ڈالر فی اونس ہو گئی۔ عالمی سطح پر قیمتوں میں اس کمی کا اثر پاکستان کی مقامی مارکیٹ پر بھی دیکھا گیا۔

ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت 4,200 روپے کی کمی سے 3 لاکھ 52 ہزار 70 روپے ہو گئی، جب کہ فی 10 گرام سونا 3,601 روپے سستا ہو کر 3 لاکھ 2 ہزار 383 روپے کی سطح پر آ گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ تین روز سے سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا تھا، جس نے خریداروں کو پریشانی میں مبتلا کر رکھا تھا۔ تاہم آج کی کمی کو سرمایہ کاروں کے لیے وقتی ریلیف کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق سونے کی قیمتوں میں یہ اتار چڑھاؤ عالمی معاشی عوامل، ڈالر کی قدر، اور طلب و رسد کی صورتحال سے جڑا ہوا ہے۔

ٹیگز: