اسلام آباد / لاہور: ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے آئندہ دو روز کے لیے شہر بھر کے تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کر دیا ہے، جب کہ پنجاب بھر میں بھی اسکولوں میں 11 مئی تک تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔
اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 2 دن کے لیے تمام اسکولز، کالجز، یونیورسٹیز اور ٹریننگ انسٹیٹیوٹس بند رہیں گے۔ تاہم، نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ اس دوران تعلیمی اداروں میں جاری امتحانات معمول کے مطابق جاری رہیں گے۔
دوسری جانب، لاہور سمیت پنجاب بھر کے سرکاری و نجی تعلیمی ادارے 11 مئی تک بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ سیکریٹری تعلیم کے مطابق یہ ادارے جمعہ، ہفتہ اور اتوار کے روز بند رہیں گے، جب کہ تدریسی عمل کا باقاعدہ آغاز پیر سے ہو گا۔
حکام کے مطابق یہ فیصلہ موجودہ ملکی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے اور طلبہ و طالبات کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔