اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے بھارتی میڈیا پر چلنے والی خبروں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں "بیہودہ اور جھوٹا پروپیگنڈا" قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں عطاء تارڑ نے کہا کہ بھارتی میڈیا کی جانب سے پاکستانی ایف-16 اور جے ایف-17 طیاروں کو گرائے جانے کی خبریں من گھڑت اور بے بنیاد ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ
"جھوٹی اور خود ساختہ خبریں آپ کو کہیں کا نہیں چھوڑیں گی، اور ایسے بے سروپا دعوے بھارتی بوکھلاہٹ کو ظاہر کرتے ہیں۔"
دوسری جانب سیکیورٹی ذرائع نے بھی ان خبروں کو سراسر جھوٹ اور فیک نیوز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج بھارت کے ہیروپ ڈرون حملوں کی ناکامی کے بعد بھارتی میڈیا بے بنیاد دعووں کے ذریعے عوام کو گمراہ کر رہا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ
"ناکامیوں کے تسلسل نے بھارت کو ذہنی طور پر مفلوج اور کنفیوز کر دیا ہے، جس کے باعث وہ اب راجستھان، پٹھان کوٹ اور مقبوضہ کشمیر میں خیالی حملے دکھا کر پاکستان کے خلاف آئندہ جارحیت کا جواز پیدا کرنا چاہتا ہے۔"
بیان میں مزید کہا گیا کہ افواج پاکستان دشمن کے ہر ناپاک منصوبے کو ناکام بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں اور ملکی سلامتی کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔