ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آخری راؤنڈ میچ بھارت نے جیت لیا

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آخری راؤنڈ میچ بھارت نے جیت لیا
سورس: PHOTO:OIC Twitter

دبئی : ٹی20 ورلڈ کپ میں بھارت نے نمیبیا کو بآسانی 9 وکٹوں سے شکست دے دی تاہم اس شکست کے باوجود بھارتی ٹیم سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی نہ کر سکی۔

دبئی میں کھیلے گئے سپر12 راؤنڈ کے آخری میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر نمیبیا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

نمیبیا کے اوپنرز نے اپنی ٹیم کے لیے 4 اوورز میں 32 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا لیکن پانچویں اوور میں مائیکل وین لنگن 14 رنز بنانے کے بعد جسپریت بمراہ کی وکٹ بن گئے۔

ابھی نمیبیا کی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ کریگ ولیمز بغیر کوئی رن بنائے ہی پویلین لوٹ گئے۔

گزشتہ میچ میں عمدہ باؤلنگ کرنے والے رویندرا جدیجا نے شاندار فارم کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اسٹیفن بارڈ کی اننگز کا خاتمہ کر کے دوسری وکٹ حاصل کی۔

دوسرے اینڈ سے روی چندرن ایشون نے بھی میچ میں اپنا پہلا شکار کرتے ہوئے لوفٹی ایٹن کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

چار وکٹیں گرنے کے بعد کپتان جیرہارڈ ایراسمس کا ساتھ دینے ڈیوڈ ویزے آئے اور دونوں نے 25 رنز جوڑ کر اسکور کو 72 پہنچایا ہی تھا کہ ایشون نے ایراسمس کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

جے جے اسمٹس کی 9 رنز کی اننگز پر جدیجا نے فل اسٹاپ لگایا جبکہ زین گرین کھاتا بھی نہ کھول سکے۔

ایشون اور جدیجا کی طرح بمراہ نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوتے ہوئے تیسری وکٹ حاصل کی اور ڈیوڈ ویزے کی مزاحمت کاخاتمہ کردیا جنہوں نے 26رنز بنائے۔ نمیبیا نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 132رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں روہت شرما اور لوکیش راہل نے ایک مرتبہ پھر ٹیم کو بہترین آغاز فراہم کرتے ہوئے 87رنز کی شراکت قائم کی خصوصاً روہت شرما نے جارحانہ انداز اپنایا۔

نمیبیا کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب 37 گیندوں پر 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 56 رنز بنانے والے روہت شرما پویلین لوٹ گئے۔

تاہم اس کے بعد راہُل اور سوریا کمار یادیو نے مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی اور اپنی ٹیم کو 16ویں اوور میں فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

راہل نے 36 گیندوں پر دو چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 54 رنز بنائے جبکہ یادیو نے 25رنز کی اننگز کھیلی۔ رویندرا جدیجا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔