اسلام آباد: جعفر ایکسپریس کے حالیہ حادثے کے بعد بھارتی گودی میڈیا ایک بار پھر پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈا مہم میں مصروف ہوگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بھارتی میڈیا داخلی مسائل اور فسادات سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان مخالف جھوٹے بیانیے کو عام کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق جعفر ایکسپریس کی چند بوگیاں ٹریک پر دھماکے کی وجہ سے پٹری سے اتر گئیں جن کے نتیجے میں چند افراد زخمی ہوئے، تاہم بھارتی میڈیا نے اس واقعے کو اپنی کامیابی کے طور پر پیش کرنے کی مذموم کوشش کی ہے۔
سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا اور فتنہ الہندوستان گروپ کی طرف سے اس طرح کے تخریبی واقعات کو پروپیگنڈے کے لیے استعمال کرنا ان کے گٹھ جوڑ اور دشمنی کی عکاسی کرتا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت کا گودی میڈیا 11 مارچ کو جعفر ایکسپریس پر ہونے والے حملے کو بھی غیر حقیقی انداز میں پیش کر چکا ہے، جبکہ پاکستان نے متعدد مواقع پر بھارت اور فتنہ الہندوستان کے درمیان گٹھ جوڑ کے شواہد عالمی برادری کے سامنے پیش کیے ہیں۔