Get Alerts

اوپن اے آئی نے چیٹ جی پی ٹی کو متعدد ایپس کا پلیٹ فارم بنانے کا آغاز کر دیا

اوپن اے آئی نے چیٹ جی پی ٹی کو متعدد ایپس کا پلیٹ فارم بنانے کا آغاز کر دیا

کیلیفور نیا: اوپن اے آئی نے اپنے مشہور اے آئی چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی کو اب ایک کنورزیشنل ایپ اسٹور میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا ہے، جہاں صارفین مختلف تھرڈ پارٹی ایپس کو براہِ راست چیٹ جی پی ٹی کے اندر استعمال کر سکیں گے۔

اب آپ بغیر کسی لنک پر کلک کیے، چیٹ جی پی ٹی کے ذریعے مختلف کام کر سکیں گے جیسے نئی اسپاٹی فائی پلے لسٹ بنانا یا بکنگ ڈاٹ کام کے ذریعے سیاحتی ٹور کی بکنگ کرنا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ایک ہی جگہ سے مختلف خدمات حاصل کرنا بہت آسان ہو جائے گا۔

اوپن اے آئی نے بکنگ ڈاٹ کام، کینوا، ایکسپیڈیا، اسپاٹی فائی جیسی معروف ایپس کو چیٹ جی پی ٹی کے ساتھ جوڑنا شروع کر دیا ہے۔ صارفین اپنی ضروریات کے مطابق مختلف ایپس کو اپنی چیٹ میں شامل کر کے استعمال کر سکتے ہیں۔

یہ فیچر ابھی چیٹ جی پی ٹی کے صارفین کے لیے متعارف کرا دیا گیا ہے، لیکن یورپی یونین میں اس کا استعمال ممکن نہیں ہوگا۔ کمپنی نے بتایا ہے کہ آئندہ مہینوں میں اور بھی زیادہ تھرڈ پارٹی پارٹنرز شامل کیے جائیں گے اور ڈویلپرز کو اپنی ایپس بنانے میں مدد دی جائے گی، لیکن ابھی یہ واضح نہیں کہ ایپ بنانے والے اس سے کیسے کمائیں گے۔

جب بھی آپ کوئی نئی ایپ چیٹ جی پی ٹی میں استعمال کریں گے، تو اے آئی آپ سے پرمیشن مانگے گا اور بتائے گا کہ آپ کا کون سا ڈیٹا اس ایپ کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔ بعض اوقات آپ کو اس ایپ کے اکاؤنٹ سے بھی کنکٹ کرنا پڑ سکتا ہے۔

ٹیگز: