پاکپتن : وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاکپتن میں الیکٹرک بسوں کی فراہمی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ترقی صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں بلکہ پورے صوبے میں عوام کی سہولت کے لیے کام ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں عوام کا پیسہ عوام پر خرچ ہوتا ہے اور اب الیکٹرک بس میں صرف 20 روپے میں جہاں مرضی جانا ممکن ہے، جو کہ چنگ چی کے کرائے سے بھی کم ہے۔ مریم نواز نے کہا، "کبھی کسی نے سوچا بھی نہیں تھا کہ میانوالی، سرگودھا اور ساہیوال میں بسیں چلیں گی۔"
وزیر اعلیٰ نے ستھرا پنجاب پروگرام کی بھی تعریف کی اور کہا کہ یہ پروگرام میری توقع سے بھی زیادہ بڑا اور کامیاب ثابت ہو رہا ہے۔ پاکپتن کو پہلے سے زیادہ صاف ستھرا دیکھ کر بہت خوشی ہوئی اور دوسرے صوبوں کے لوگ بھی کہتے ہیں کہ کاش ہماری گلیاں بھی ایسی صاف ہوتیں۔