پشاور:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے علی امین گنڈاپور سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہی پارٹی کے نامزد وزیراعلیٰ ہیں اور ان کے خلاف پھیلائی جانے والی افواہیں پارٹی کو تقسیم کرنے کی سازش کا حصہ ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ’’علی امین گنڈاپور کے حوالے سے کوئی نیا فیصلہ نہیں کیا گیا، بعض عناصر جان بوجھ کر من گھڑت اور جھوٹی خبریں پھیلا کر پارٹی کو کمزور کرنا چاہتے ہیں، لیکن ہم ان سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔‘‘
چیئرمین پی ٹی آئی نے واضح کیا کہ پارٹی متحد ہے اور کسی بھی داخلی انتشار کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم ہر قسم کے حالات میں ایک صف میں کھڑے ہیں، اور ایسی تمام سازشوں کا منہ توڑ جواب دیں گے جو پارٹی کی یکجہتی کو نقصان پہنچانا چاہتی ہیں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ تنظیمی اتحاد اور سچائی کا دفاع پی ٹی آئی کی اولین ترجیح ہے اور پارٹی کو تقسیم کرنے کی ہر کوشش کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔ ’’ہم ہر فورم پر اپنا مؤقف پیش کریں گے اور انتشار پھیلانے والوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔‘‘