کراچی : پاکستان کی معروف اداکارہ ماہرہ خان اور سپر اسٹار فواد خان ایک طویل عرصے بعد ایک ساتھ بڑی اسکرین پر جلوہ گر ہونے جا رہے ہیں۔ دونوں کی نئی فلم "نیلوفر" 28 نومبر کو پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں ریلیز کی جائے گی۔
اس فلم میں فواد خان ایک پروفیسر کا کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ ماہرہ خان ایک گہرے اور یادگار کردار میں نظر آئیں گی۔ فواد خان نے اس فلم میں نہ صرف اداکاری کی ہے بلکہ وہ اس کے پروڈیوسر کے طور پر بھی کام کر رہے ہیں۔
"نیلوفر" کی کہانی ایک منفرد اور دل کو چھو لینے والے موضوع پر مبنی ہے، جو ناظرین کو ایک نیا تجربہ فراہم کرے گی۔ شائقین کے لیے یہ موقع ہوگا کہ وہ برسوں بعد اپنی پسندیدہ جوڑی، ماہرہ اور فواد، کو دوبارہ ایک ساتھ دیکھ سکیں۔ فلم کے ابتدائی مناظر اور ٹریلر کے مطابق ماہرہ خان کی اداکاری فلم کا سب سے نمایاں پہلو قرار دی جا رہی ہے۔
فلم کی کاسٹ میں مدیحہ امام، بہروز سبزواری، عتیقہ اوڈھو، سمیعہ ممتاز، نوید شہزاد، فیصل قریشی اور گوہر رشید جیسے نامور فنکار شامل ہیں، جو مختلف اہم کرداروں میں جلوہ گر ہوں گے۔
فواد خان کی پروڈکشن کمپنی کے بینر تلے بننے والی یہ فلم پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے۔ عالمی سطح پر فلم کی نمائش سے پاکستانی سنیما کی پہچان مزید مستحکم ہونے کی توقع ہے۔
ریلیز سے قبل ہی فلم کا ٹریلر اور گانے سوشل میڈیا پر بے حد مقبول ہو چکے ہیں، جبکہ مداحوں کا کہنا ہے کہ "نیلوفر" بلا شبہ سال کی سب سے بڑی پاکستانی فلم بننے جا رہی ہے۔