اسلام آباد :چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایات ہمیں موصول ہوچکی ہیں اور ان پر مکمل عمل درآمد کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ بانی کے حکم کے مطابق علی امین گنڈا پور کو مستعفیٰ ہونے کو کہا گیا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ تحریک انصاف میں کوئی فارورڈ بلاک موجود نہیں ہے اور پارٹی کے اندر اتحاد برقرار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی علی امین گنڈا پور سے ایک گھنٹہ طویل ملاقات ہوئی ہے اور وہ جلد ہی پشاور روانہ ہوں گے جہاں علی امین گنڈا پور اپنا استعفیٰ گورنر خیبرپختونخوا کو بھجوائیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا میں دو تہائی اکثریت برقرار رہنے کی بھی تصدیق کی اور کہا کہ وزیراعلیٰ کا استعفیٰ ایک آئینی معاملہ ہے جسے قانونی طور پر نمٹایا جائے گا۔
انہوں نے علی امین گنڈا پور کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کس جگہ پر کون سا کھلاڑی کھیلنا ہے، اس کا فیصلہ کپتان کی مرضی کے مطابق ہوگا۔
بیرسٹر گوہر نے مزید بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے لیے نامزد کیا ہے اور پارٹی بانی کی ہدایت کے مطابق خیبرپختونخوا آگے بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ بانی نے علیمہ خان اور علی امین گنڈا پور کے بیانات کا کوئی ذکر نہیں کیا۔