دوسرے ممالک کو پاکستان پر تنقید سے گریز کرنا چاہیے، جیریمی کوربن

دوسرے ممالک کو پاکستان پر تنقید سے گریز کرنا چاہیے، جیریمی کوربن

لندن: برطانوی نشریاتی ادارے کو خصوصی انٹرویو میں اپوزیشن رہنما جیریمی کوربن نے کہا کہ دہشت گردی کے معاملے پر پاکستان کے ساتھ عزت سے پیش آنا چاہیے اور دوسرے ممالک کو اسلام آباد پر تنقید سے گریز کرنا چاہیے۔ ان کا اشارہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس خطاب کی جانب تھا جس میں انہوں نے جنوبی ایشیا کے بارے میں اپنے پہلے خطاب میں پاکستان کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا اب پاکستان میں دہشت گردوں کی قائم پناہ گاہوں کے معاملے پر مزید خاموش نہیں رہ سکتا۔

جب جیریمی کوربن سے پوچھا گیا کہ کیا وہ ڈونلڈ ٹرمپ کے اس خیال سے متفق ہیں کہ پاکستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں موجود ہیں تو انہوں نے کہا کہ پاکستان ایسا ملک ہے جس کے ساتھ عزت سے پیش آنا چاہیے اور اس پر باہر سے تنقید نہیں ہونی چاہیے۔ تمام ممالک کو دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرنا ہو گا اور اس بات کا اطلاق سب پر ہوتا ہے۔

افغانستان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے جیریمی کوربن نے کہا کہ ٹرمپ کی افغانستان میں امریکی افواج کی تعداد میں اضافے کی نئی پالیسی افغانستان کے بارے میں ان کی ناکام پالیسی کا تسلسل ہے۔ میں اس کی حمایت نہیں کرتا اور افغانستان کے مسئلے کا حل سیاسی مذاکرات ہیں۔

میانمار میں مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے جیریمی کوربن نے کہا کہ میرا آنگ سان سوچی کے لیے پیغام احترام کا ہے اور یہ کہ آپ جب گھر میں نظر بند تھیں تو ہم نے آپ کی حمایت میں مارچ کیے اور انسانی حقوق کے لیے آپ کی جدوجہد کی حمایت کی تو آپ مہربانی کریں اور روہنگیا مسلمانوں کے انسانی حقوق کا بھی اسی طرح خیال رکھیں۔ جیریمی کوربن نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کو شہریت کے پورے حقوق حاصل ہوں۔ انہیں اپنے ہی ملک میں اپنے ہی گھروں سے نہ نکالا جائے۔

برطانیہ میں حملوں کے بعد مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز حملوں سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ نفرت پر مبنی جرائم چاہے مسلمانوں کے خلاف ہوں، یہودیوں کے خلاف یا کسی بھی مذہب کے خلاف ان کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ ہم سب ایک کمیونٹی کی حیثیت سے ان حملوں کے خلاف متحد ہیں اور یہ حملے کسی مخصوص کمیونٹی پر نہیں بلکہ ہم سب پر کیے گئے ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں