لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے نامزد چیئرمین رمیز راجہ نے کہا ہے کہ کھلاڑی بے خوف ہو کر کھیلیں کیونکہ سلیکشن میں اب بار بار تبدیلیاں نہیں کی جائیں گی اور سب کو کارکردگی دکھانے کا بھرپور موقع ملے گا۔
ذرائع کے مطابق نامزد چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ملاقات کی جو 2 گھنٹوں تک جاری رہی جس دوران انہوں نے کھلاڑیوں کو اپنے ویژن سے آگاہ کیا اور تاکید کی کہ وہ ماضی کو بھول جائیں اور صرف حال اور مستقبل کو بہتر بنانے پر توجہ دی۔
ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑی کی تمام تر توجہ صرف اور صرف کرکٹ پر ہونی چاہئے اور ہر میچ میں پہلے سے بڑھ کر کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں۔ رمیز راجہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں کھلاڑیوں کو ناکامی کے خوف سے آزاد ہوکر جارحانہ کرکٹ کھیلنے کا مشورہ دیتے ہوئے نئے کوچز اور کپتان پر بھرپور اعتماد کے ساتھ سپورٹ کی بھی یقین دہانی کرائی۔
رمیز راجہ نے بلے بازوں کو نصیحت کی کہ وہ بیٹنگ کے دوران چھوٹے چھوٹے اہداف بنا کر اننگز کو بڑھائیں کیونکہ زیادہ رنز بنانے کیلئے وکٹ پر زیادہ قیام کرنا ضروری ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کی سلیکشن میں بار بار تبدیلیاں اب نہیں کی جائیں گی اور تمام کھلاڑیوں کو کارکردگی دکھانے کا بھرپور موقع ملے گا۔