خواجہ آصف کا ٹیکس، بجلی اور گیس چوروں کو دہشتگرد ڈیکلیئر کرنے کا مطالبہ

خواجہ آصف کا ٹیکس، بجلی اور گیس چوروں کو دہشتگرد ڈیکلیئر کرنے کا مطالبہ
سورس: File

اسلام آباد:  سابق وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف نے ٹیکس، بجلی اور گیس چوروں کو دہشتگرد ڈیکلیئر کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

ن لیگ کے رہنما خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹس ایکس پر بیان دیتے ہوئے کہا  کہ اس وقت تقریباً 2 ہزار 670  ارب روپے صرف ٹیکس کے مقدمے عدالتوں میں لٹکے ہوئے ہیں، ٹیکس، بجلی اور گیس کی چوری ہر سال کئی ہزار ارب روپے کی ہوتی ہے جس کا بوجھ عام آدمی اٹھاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک مقروض اور دیوالیہ ہے، ہر قسم کے ریاستی وسائل کی چوری معاشی دہشت گردی کے زمرے میں آنی چاہیے، ٹیکس، بجلی اور گیس وغیرہ کے چوروں کو دہشت گرد ڈیکلیئر ہونا چاہیے اور یہ چور اس وقت مراعات یافتہ طبقے کا حصہ ہیں۔

خواجہ محمد آصف نے   کہا   کہ جو حکومتی ملازمین چوری کی معاونت کرتے ہیں وہ بھی معاشی دہشت گرد ہیں ان کو عام قوانین کی بجائے دہشت گردی کے قوانین کا سامنا کرنا چاہیے ورنہ معاشی تباہی خدانخواستہ ہمارا مقدر بن جائے گی۔ 

واضح رہے کہ نگران وزیر اعظم کی ہدایت پر بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا ہے اس دوران لاہور میں  سابق رکن قومی اسمبلی سمیت 300 سے زیادہ بجلی چوروں کے نام سامنے آئےجن کیخلاف 130 مقدمے درج کیے گئے ہیں۔

اسلام آباد پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے کئی بجلی چوروں کو گرفتار کرکے مقدمات درج کرلیے، پشاور میں بھی قانون حرکت میں آگیا جہاں بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے جب کہ میرپور خاص، نواب شاہ، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، ٹنڈو الہ یار اور سندھ کے دیگر شہروں میں بھی کارروائیاں کی جارہی ہیں۔

مصنف کے بارے میں