غزہ: اسرائیل کی جانب سے غزہ پر بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔ صیہونی فورسز نے شہر کی ایک اور بلند عمارت کو زمین بوس کر دیا، جس کے ساتھ تین روز میں تباہ کی جانے والی عمارتوں کی تعداد تین ہو گئی ہے۔
اسرائیلی حملوں کا نشانہ نہ صرف عمارتیں، بلکہ بے گھر فلسطینیوں کی پناہ گاہیں بھی بن رہی ہیں۔ تازہ بمباری میں مزید 87 فلسطینی شہید جبکہ 400 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ شہدا میں وہ 16 افراد بھی شامل ہیں جو امداد کے منتظر تھے۔ بھوک اور قحط کے باعث مزید 6 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
اقوام متحدہ کے مطابق اب تک غزہ میں شہدا کی تعداد 64 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد 1 لاکھ 62 ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے۔ علاقے میں خوراک، پانی اور ادویات کی شدید قلت ہے، انسانی بحران بدترین شکل اختیار کر چکا ہے۔
ادھر اسرائیل نے ایک بار پھر جنگ بندی کو حماس کے ہتھیار ڈالنے سے مشروط کر دیا ہے اور تمام یرغمالیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ تاہم حماس نے ہتھیار ڈالنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اسرائیل جنگ بند کرے اور غزہ سے نکل جائے، تو وہ تمام یرغمالیوں کو رہا کر دے گا۔