اسلام آباد: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 26 نومبر کو ہونے والے احتجاج کے مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی کی اہلیہ بشریٰ بی بی، عمر ایوب اور دیگر رہنماؤں کی ضمانت میں توسیع کر دی ہے۔
عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کیس کی سماعت کی، جس میں پی ٹی آئی کے شیر افضل مروت، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر عبدالقیوم نیازی سمیت دیگر رہنما بھی پیش ہوئے۔ عدالت نے بشریٰ بی بی، عمر ایوب اور دیگر کی ضمانت قبل از گرفتاری میں توسیع کرتے ہوئے پولیس کو 13 نومبر تک گرفتاریاں روکنے کا حکم دیا ہے۔علاوہ ازیں، عمر ایوب، زرتاج گل اور دیگر رہنماؤں نے عدالت میں حاضری سے استثنا کی درخواستیں بھی جمع کرائیں جو منظور کر لی گئیں۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے خلاف تھانہ رمنا، سنگجانی، ترنول اور دیگر تھانوں میں مقدمات درج ہیں اور مجموعی طور پر 240 سے زائد ضمانتیں عدالت میں زیر سماعت ہیں۔ عدالت نے اگلی سماعت پر دونوں فریقین کو دلائل دینے کی ہدایت کی ہے۔