Get Alerts

پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے شدید متاثر، لیکن اس کا حصہ صرف ایک فیصد سے بھی کم: برطانوی ہائی کمشنر

پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے شدید متاثر، لیکن اس کا حصہ صرف ایک فیصد سے بھی کم: برطانوی ہائی کمشنر

اسلام آباد: پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، حالانکہ عالمی سطح پر اس میں پاکستان کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے۔

جین میریٹ نے کہا کہ پاکستان کو نہ صرف موسمیاتی چیلنجز کا سامنا ہے بلکہ تعلیمی شعبے میں بھی اسے سنگین امتحانات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تعلیم کے مختلف نظاموں اور تیزی سے بڑھتی آبادی کی وجہ سے تعلیمی اصلاحات ناگزیر ہو چکی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات پاکستان میں شدت سے محسوس کیے جا رہے ہیں، جس کی حالیہ مثالیں شدید بارشیں، طوفانی ہوائیں اور سیلابی صورتحال ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو موسمیاتی انصاف کے لیے پاکستان جیسے ممالک کی مدد کرنی چاہیے۔

ادھر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) کے مطابق اگلے سال بارشوں کی شدت میں 22 فیصد اضافہ متوقع ہے، جو موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرناک اثرات کا عندیہ دیتا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کو گزشتہ چند سالوں کے دوران متعدد بار تباہ کن سیلابوں اور غیر معمولی موسم کا سامنا رہا ہے، جس سے معیشت، زراعت، انفراسٹرکچر اور انسانی جانوں کو بھاری نقصان پہنچا۔

ٹیگز: