اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کے ہنڈرڈ انڈیکس کے ایک لاکھ 56 ہزار پوائنٹس کی بلند ترین سطح عبور کرنے پر اظہارِ اطمینان کیا ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ سٹاک مارکیٹ کی یہ تاریخی کامیابی کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کے حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کی واضح علامت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "اللہ کے فضل و کرم سے ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور یہ کامیابی معاشی ٹیم کی مسلسل محنت کا نتیجہ ہے۔"
وزیراعظم نے کہا کہ حال ہی میں پاکستان اور چین کے نجی شعبوں کے درمیان اربوں ڈالر کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط کیے گئے ہیں، جو ملکی معیشت کے لیے نیک شگون ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سرمایہ کاری میں اضافے سے نئی صنعتیں قائم ہوں گی، برآمدات میں اضافہ ہوگا اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے ملکی معیشت کی سمت کو درست کرنے میں معاشی ٹیم کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ ان کی محنت قابلِ تعریف ہے۔